34

آتشزدگی کے واقعات ‘ بھاری مالیت کا سامان جل گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نڑوالا روڈ پر ہاسٹل اور دستگیر کالونی کے قریب خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل گیا جبکہ کپڑوں کو آگ لگنے سے خاتون بری طرح جھلس گئی، ریسکیو1122 نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ نڑوالا روڈ پر واقع تنویر پان شاہ کے قریب ٹرانسفارمر میں شارٹ سرکٹ کے باعث تاج ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی، ہوٹل انتظامیہ نے بالائی منزل پر حسین ہاسٹل بنا کر کمرے طلبہ کو دے رکھے تھے جہاں پر طلبہ کی کافی تعداد رہائش پذیر تھی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کو بحفاظت باہر نکالنے کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اسی دوران بھاری مالیت کا سامان جل گیا جبکہ کینال روڈ پر پائپاں والا پل کے قریب واقع دستگیر کالونی گلی نمبر9 کے نواح میں چراغ گرنے سے خانہ بدوش کی جھونپڑی کو آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے متعدد جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، وہاں پر موجود خواتین’ مردوں اور بچوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم خانہ بدوشوں کی جھونپڑی’ خیمے اور ان میں پڑا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ علاوہ ازیں ناصر نگر گلی نمبر1 میں کھانا تیار کرتے کپڑوں کو آگ لگنے سے 21سالہ عائشہ دختر شیراز بری طرح جھلس گئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں