18

آج اِک اور برس بیت گیا……

یہ دنیا دارفانی ہے اور یہاں جو آیا اسے ایک دن اس دارفانی سے کوچ کر جانا ہے مگر کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے اعلیٰ کردار کے باعث لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، جرأت مند’ نڈر اور بیباک سیاسی رہنما چوہدری امجد علی وڑائچ بھی وہ عظیم شخصیت ہیں جو اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، آج ان کی دوسری برسی کے موقع پر ان سے وابستہ یادیں ایک بار پھر تازہ ہو گئی ہیں، یہ یادیں میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں، چوہدری امجد علی وڑائچ سے میرا دوستی کا رشتہ کئی سالوں پر محیط ہے، اس دنیا میں انسان رشتوں بالخصوص مخلص دوستوں کے بغیر ادھورا ہے، اچھے دوست وہ ہوتے ہیں جو ہر غم’ دکھ اور تکلیف میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں، جرأت وبہادری اور وفاشعاری کے پیکر میرے دوست چوہدری امجد علی وڑائچ سابق ممبر قومی اسمبلی کو بچھڑے آج دو برس ہو گئے اور مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اب بھی وہ میرے ساتھ ہیں، ان کی یادیں ان کی موجودگی کا احساس دلاتی ہیں یکم دسمبر 2022ء کو مجھے چوہدری امجد علی وڑائچ کے انتقال کی خبر ملی تو شدت غم میں میری آنکھوں سے آنسو بہنا شروع ہو گئے، اپنے دیرینہ دوست’ غمگسار ساتھی’ مشکل وقت میں سائے کی طرح ساتھ رہنے والے چوہدری امجد علی وڑائچ کے ساتھ گزارے جانیوالے لمحات میرے دل ودماغ پر چھا گئے، انہوں نے اپنی زندگی کے جس موڑ پر بھی اہم فیصلے کئے تو مجھ سے مشاورت کرتے رہے، ہم دونوں ایک دوسرے کے دست وبازو تھے، چوہدری امجد علی وڑائچ اس دارفانی سے کوچ کر جانے سے قبل کچھ عرصہ علیل رہے اور میں وقفے وقفے سے ان کے ساتھ ملاقات کے لیے گوجرہ جاتا رہا وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، انہوں نے سیاست میں بھی خوب نام کمایا اور تعمیر وترقی کے ریکارڈ منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے گوجرہ کے حسن کو نکھار دیا، بلاشبہ! ملک بھر میں گوجرہ کی پہچان چوہدری امجد علی وڑائچ کا نام ہی ہے، عوامی فلاح وبہبود’ تعمیر وترقی’ سکولوں’ کالجوں کی اپ گریڈیشن’ گوجرہ کو مثالی شہر بنانے اور عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے انہوں نے جو گرانقدر خدمات سرانجام دیں، ان کا ہر خاص وعام معترف ہے، انہوں نے عوامی خدمت کی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور سیاست کولوگوں کیساتھ رابطے کا ذریعہ بنا کرعوامی خدمت کا حق ادا کردیا،یہ حقیقت روزروشن کی طرح عیاں ہے کہ خلق خدا کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے، دین اسلام میں بنیادی عقائد توحید،رسالت اورآخرت کے بعد اگرکسی چیز کی سب سے زیادہ تاکید کے ساتھ تعلیم دی گئی تووہ حقوق العباد ہے،دین اسلام نے خدمت خلق اورفلاح وبہبود کے کاموں کی نہ صرف تلقین فرمائی بلکہ اسے عبادت کا درجہ دیاگیا ہے،چوہدری امجد وڑائچ نے بھی خدمت خلق کواپنا مشن بنائے رکھا اور عوام کوجدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا کر تاریخ میں امرہوگئے،عزم وہمت کے پیکرچوہدری امجد علی وڑائچ نے ان دیرینہ مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کروایا جن کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا تھا، کئی سیاسی، سماجی رہنمائوں نے ان مسائل کوحل کروانے کیلئے بلندوبانگ دعوے بھی کئے مگریہ دعوے اوروعدے پورے نہ ہوسکے اورلوگوں کوٹرخانے کا سلسلہ عوام کیلئے سخت اذیت کا باعث بنتا گیا اوریہ چوہدری امجد علی وڑائچ ہی تھے جنہوں نے دیرینہ عوامی مسائل حل کروائے، ان کے انتقال پر میری طرح ان کے دوستوں اور چاہنے والوں کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ گزرے قیمتی لمحات کو قلمبند کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا، چوہدری امجد علی وڑائچ یاروں کے یار تھے’ فولادی عزم’ بے مثال قوت ارادی اور جرأت وبہادری کے پیکر چوہدری امجد علی وڑائچ کے ساتھ بیتے دنوں کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی، ان جیسے وضعدار’ غمگسار’ ہمدرد’ غریب پرور’ انسان دوست’ اصولوں اور وعدوں کے پکے’ سچے اور کھرے انسان کم کم ہی ملتے ہیں، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ وہ بے سہارا لوگوں کا سہارا بنے اور جو کوئی بھی ان کے پاس مدد کیلئے پہنچا، انہوں نے اس کے مسئلہ کو حل کروایا، لوگوں کے ذاتی مسائل حل کرکے بھی انہیں قلبی سکون میسر آتا اور انہوں نے پوری زندگی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھا، ان کی شخصیت کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرنے کیلئے طویل وقت درکار ہو گا اور اس پر مکمل کتاب لکھی جا سکتی ہے۔ 1980ء میں چوہدری علی اصغر وڑائچ کی شہادت کے بعد سارے خاندان اور خاص طور پر اپنے بہن بھائیوں کی تمام تر ذمہ داری چوہدری امجد علی وڑائچ کے کندھوں پر آن پڑی جو ابھی خود بھی 15،16 سال کے تھے۔ امجد علی وڑائچ نے حوصلہ کیا، ہمت کیساتھ ہر مشکل کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور اپنی والدہ، بہن بھائیوں سمیت سارے خاندان کو مضبوط نہیں بلکہ مضبوط ترین کیا، کاروبار کو ترقی دی، بہن بھائیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی، ان کی شادیاں کیں، سیاست میں آئے اور خوب نام کمایا، بلاشبہ! چوہدری امجد علی وڑائچ عوام کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے تھے اور انہوں نے ہر عوامی مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کروایا اور لوگوں کی دعائیں لیں، آج ان کی دوسری برسی پر ہر خاص وعام ان کے لیے دعاگو ہے، اگرچہ وہ اب ہم میں نہیں رہیں گے مگر ان کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی، دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ چوہدری امجد علی وڑائچ (مرحوم ومغفور) کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں