فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکو نہتے شہریوں پر گولیاں برساتے رہے’ لاکھوں لوٹ کر مزاحمت پر 6 افراد کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود اتھرے ڈاکوئوں کے گروہوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ زبیر کالونی کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے بنک سے رقم لے جاتے ہوئے شہری ساجد سے 15لاکھ کی رقم چھین کر مزاحمت پر گولی مار کر لہولہان کر دیا، ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ محلہ سعید آباد میں بھی لوٹ مار کے دوران ڈاکوئوں نے شہزاد کو مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا، جبکہ نعمت ٹائون کے رہائشی 25سالہ حمزہ ولد رمضان اور 35سالہ رضوان ولد افضل کو ڈاکوئوں نے گول چوک ڈی ٹائپ کالونی کے قریب گھیر لیا، نقدی چھیننے کے بعد مزاحمت پر ٹانگوں میں گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ جڑانوالہ کے علاقہ 283 گ ب کا رہائشی 25سالہ خاور ولد ظفراقبال روڈالہ منڈی جا رہا رہا تھا کہ راستے میں ڈاکوئوں نے گھیر لیا، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر لہولہان کر کے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس تلاش کے باوجود اتھرے ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔
