لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں اراضی کی منتقلی کیلئے ای رجسٹریشن کا ماڈل نظام متعارف کر ادیا گیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے پلازہ کشمیر روڈ پر پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کیا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میںشہریوں کی سہولت کے لئے راوی ٹائون،سمن آباد ٹائون اور داتا گنج بخش ٹائون کے سب رجسٹرارز کے دفاتر منتقل کیے گئے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رائیونڈ اور شالیمار میں دو مزید ای رجسٹریشن سنٹرز 31جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور اراضی منتقلی کے ای نظام کا معائنہ کیا۔انہوں نے شہریوں کی سہولت کے لئے فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی برانچ کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سنٹر میں قائم راوی ٹائون،سمن آباد ٹائون اور داتا گنج بخش ٹائون کے سب رجسٹرارز کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اراضی منتقلی کے لئے آئے شہریوں سے گفتگو کی اور ای رجسٹریشن نظام کے بارے میں دریافت کیا۔عوام کو اراضی منتقلی کے لئے دفاتر کے چکر لگانے سے سے نجات ملے گی۔ ای رجسٹریشن سنٹر کے قیام سے اراضی منتقلی کے عمل سے شفافیت آئے گی ، کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ای رجسٹریشن سنٹرزبنائے جائیں گے۔
