29

اساتذہ اوروالدین کومسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت ہے

ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ خصوصی) اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد نے کہا ہے کہ ہم سب کی تمام تر توجہ اور توانائی اس بات پر مرکوز ہو نی چاہیے کہ ہمارے بچے پاکستان کے بہترین اور کامیاب شہری بن سکیں ۔ بچوں کو معاشرے کا بہتر ین انسان بنانے کے لیے اساتذہ اور والدین کو مسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرطبہ سکول وکالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ انکے ایک استاد نے چھٹی جماعت کے دوران ، کس طرح انکی فیملی کے ساتھ مل کر انکے مستقبل کے بارے میں پلان بنایا ، جس کی بدولت وہ اس مقام تک پہنچے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کو اساتذہ کے ساتھ نہ صرف مضبوط رابطہ رکھنا چاہیے بلکہ بچوں کی بہترین تربیت کے لئے مل کر کوشش کرنی چاہیے ، تاکہ یہ بچے مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق اللہ تعالی نے آپکو معلم بنا کر بھیجا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین روایات کے حامل قرطبہ سکول و کالج کے بچے بہترین تعلیمی ماحول میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالی اس ادارے کو مزید ترقی عطا فرمائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں