61

افسران و ملازمین رمضان پیکیج کی ترسیل میں مصروف ، سرکاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونین کونسلز کے سیکرٹریز’ پٹواریوں’ ڈینگی’ پولیو ورکرز’ محکمہ لائیو سٹاک سمیت دیگر سرکاری ملازمین نگہبان رمضان پیکج کی پیکنگ وترسیل کی ڈیوٹیاں سرانجام دینے لگے، سرکاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مستحقین افراد کو نگہبان رمضان پیکج کے نام سے راشن کی تقسیم اور گھر گھر پہنچانے کا کہا گیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹری یونین کونسل’ پٹواریوں’ محکمہ زراعت’ محکمہ لائیو سٹاک’ پولیو ورکرز اور ڈینگی سٹاف سمیت دیگر سرکاری محکموں کے ملازمین کو رمضان پیکج کی پیکنگ اور ترسیل پر ڈیوٹیاں تفویض کر رکھی ہیں۔ مذکورہ سرکاری محکموں کا عملہ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک مذکورہ کام پر مصروف رہتا ہے۔ جسکی وجہ سے سرکاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ شہریوں کو پیدائش’ اموات’ نکاح نامہ اور بچوں کے ب فارم بنوانے سمیت دیگر امور میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بار بار چکر لگانے پر شہریوں کو کہا جا رہا ہے کہ جب تک رمضان پیکج کا کام مکمل نہیں ہوتا۔ وہ کوئی اور کام نہیں کر سکتے بلکہ اکثر محکموں میں افسران وملازمین دفتروں میں ملتے ہی نہیں ہیں اور سائلین کے ساتھ افسران وملازمین کی بحث وتکرار بھی جاری ہے۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مستحقین کو نگہبان پیکج کی تقسیم ضرور کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران وملازمین اپنے ذمہ دیگر سرکاری امور کی انجام دہی بھی کریں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں