فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈسٹرکٹ فیصل آباد محمد زبیر وٹو نے الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن لیتے ہوئے الیکشن مہم کے پینا فلیکسز اتروادیے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق برائے جنرل الیکشن 2024جار ی کر دیا ہے، جس کے تحت مطلوبہ سائز میں الیکشن بینرز، پوسٹر اور پمفلٹ کی جازت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے طرف سے جاری کردہ ضابط اخلاق کے مطابق ہر قسم کی پینا فلیکس لگانے پر پابندی ہے لہذا کوئی بھی امیدوار اپنی انتخابی مہم کے تشہیر کے لئے پینا فلیکس نہیں لگائے گا۔ مزید یہ کہ مانیٹرنگ آفیسرز آنے والے دنوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہر حلقہ میں نگرانی کریں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر محمد زبیر وٹو کا کہنا تھا کہ 8فروری 2024کو ہونے والے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات اور ضابط اخلاق برائے امیدواران کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گااور خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رورعائت نہ برتی جائے گی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہر حلقہ میں دو مانیٹرنگ آفیسر زتعینات کر دیئے ہیں جو الیکشن مہم کی تمام کاروائی کی موثر نگرانی کریں گے اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو اپنے رپورٹ پیش کریں گے۔
