فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد میں رہائش پذیر”بڑی برادریوں” میں شامل’متحرک’ منظم اور اتحاد و اتفاق کی علامت سمجھی جانے و الی گجر برادری الیکشن 2024ء میں نظرانداز کئے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی اور خاص طور پر مقامی لیڈر شپ سے سخت نالاں نظر آ رہی ہے۔ فیصل آباد شہر کے کسی بھی صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقہ میں گجر برادری کے کسی بھی امیدوار کو مسلم لیگ ن کی طرف سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ملک بھر میں گجر برادری کو فعال کرنے و الے چوہدری فتح محمد گجر مرحوم و مغفور کے صاحبزادے چوہدری شفیق گجر دو مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود الیکشن 2024ء میں پارٹی ٹکٹ ملنے سے محروم رہے۔ان کے ساتھ ساتھ میاں نواز شریف کی21نومبرکووطن واپسی کے موقع پر فیصل آباد سے لے کر لاہور تک بھرپور تشہیری مہم چلانے والے چوہدری اعظم مجید گجر کو بھی ن لیگ کی قیادت نے نظر انداز کرد یا اور انہیں بھی پارٹی ٹکٹ نہیں دیا۔ تاہم چوہدری اعظم مجید گجر نے اس کے باوجود ”بڑے پن” کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا فیصلہ من وعن تسلیم کر لیا اور وہ اپنے حلقہ پی پی 112سمیت شہر بھر کے تمام قومی اور صوبائی حلقوں کے پارٹی امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود ان کے حلقہ اور ان کے حلقہ احباب میں شامل گجربرادری کے لوگوں کو بہت زیادہ غصہ ہے کہ چوہدری اعظم مجیدگجرجیسے ”ہیرے انسان” اور مخلص پارٹی ورکر کو مسلم لیگ ن نے ٹکٹ نہیں دیا۔فیصل آباد کی تاریخ میں امر ہونے والے چوہدری علی اصغر بھولا گجر مرحوم ومغفور کے داماد چوہدری کاشف گجر بھی ان لوگوں میںشامل ہیں جنہیں مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا۔ حالانکہ چوہدری کاشف گجر نے لندن میں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی تھی اس موقع پر انہیں پارٹی ٹکٹ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی۔مگر اس کے باوجود ان کے ساتھ بھی ”ہاتھ” ہوگیا۔ چوہدری زاہد عمران گجر بھی پرانے مسلم لیگی ہیں مگر انہیں بھی نظرانداز کر دیا گیا۔ چوہدری ا ظہر گجر کو بھی مسلم لیگ ن کی قیادت نے لفٹ نہیں کرائی۔ یہ سارے عوامل ہیں جن کی بنیاد پر گجر برادری موجودہ وقت مسلم لیگ ن سے نالاں نظر آرہی ہے۔ فیصل آباد میں گجر برادری کا ووٹ بنک بھی بہت زیادہ ہے جو 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ن لیگی امیدواروں کے لئے خطرے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چوہدری شفیق گجر ‘ چوہدری کاشف گجر ‘چوہدری اعظم مجید گجر’ چوہدری زاہد عمران گجر کا ” سیاسی پیر خانہ” بھی ایک ہی ہے مگر بدقسمتی سے یہ پانچوں اپنے اسی سیاسی پیرخانے سے ”فیض یاب”نہیں ہو سکے۔حالانکہ ”اس سیاسی پیر خانہ”کے پاس پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے تمام تر اختیارات تھے اور ہیں۔ مگر نہ جانے کیوں اس سیاسی پیر خانے نے اپنے ان ”خاص مریدوں” یکسر نظرانداز کردیا۔ ماضی قریب تک یہ ”خاص مرید” اپنے اسی ”سیاسی پیر خانے” پر ہر طرح کے چڑھاوے چڑھاتے چلے آ رہے ہیں۔
