58

الیکشن کمیشن کی ”پنجاب ‘ خیبر پختونخوا ” میں انتخابات کی تیاریاں

اسلام آباد(بیوروچیف)پنجاب اور پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا گورنر پنجاب اور گورنر خیبر پختونخوا کو عام انتخابات کی تاریخ کے لیے باقاعدہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت 3 ماہ میں عام انتخابات کروانے کا الیکشن کمیشن پابند ہے ۔ اس کے لیے تاریخ میں پہلی بار صوبائی عام انتخابات کے لیے گورنر سے خط و کتابت کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن گورنر پنجاب اور کے پی کو 3 تاریخیں خط میں تجویز کرے گا اور دونوں صوبوں کے گورنر عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عدلیہ اور بیورو کریسی سے بھی ڈی آر اوز اور آر اوز لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن جلد ہی بیورو کریسی سے ڈی آر اوز اور آر اوز کے لیے فہرست طلب کرے گا۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے انتخابات کے لیے الیکشن عملے کی فہرستیں بھی مانگے گا، جس کے بعد الیکشن عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں