57

انتخابی مہم چلانے میں ن لیگ سر فہرست ، جماعت اسلامی نے سیاسی خاموشی توڑ دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن 2024ء کے لیے عوام میں جوش وخروش’ انتخابی دنگل کل سجے گا، فیصل آباد میں انتخابی مہم چلانے میں مسلم لیگ (ن) سرفہرست رہی، بابائے سیاست چوہدری شیر علی کی زیرقیادت کارکنوں میں بھرپور جوش وخروش’ اس بار جماعت اسلامی بھی خاصی متحرک، PTI کے حمایت یافتہ امیدواران مشکلات’ مسائل سے دوچار، پیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار خاموش نظر آئے’ فاتح کون ہو گا، عوام کل فیصلہ سنائیں گے۔ تفصیل کے مطابق عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی انتخابی مہم کے لحاظ سے فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) سرفہرست رہی، دھوبی گھاٹ میں جلسہ عام سے میاں محمد نواز شریف’ میاں محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز نے خطاب کیا، (ن) لیگ کے نامزد امیدواروں نے فیصل آباد میں بھرپور کمپین چلائی، سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی امیدوار این اے102′ سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اﷲ خاں امیدوار این اے100′ میاں عرفان منان امیدوار این اے101′ شیخ محمد یوسف امیدوار پی پی114′ رانا احمد شہریار خاں امیدوار پی پی116′ میاں طاہر جمیل امیدوار پی پی115′ سابق میئر فیصل آباد محمد رزاق ملک امیدوار پی پی118′ خواجہ محمد رضوان امیدوار پی پی117′ حاجی محمد اکرم انصاری امیدوار این اے103 سمیت دیگر لیگی امیدوار متحرک رہے، اس بار جماعت اسلامی کے امیدوار بھی فیصل آباد میں سرگرم عمل رہے، دھوبی گھاٹ میں جلسہ عام سے مرکزی امیر سراج الحق نے خطاب کیا جبکہ الفتح گرائونڈ میں جماعت اسلامی کا خواتین کنونشن بھی منعقد کیا گیا اور جماعت اسلامی کے امیدواران رابطہ عوام مہم میں بھی فعال رہے، الیکشن مہم میں پیپلزپارٹی کے امیدواران خاموش نظر آئے اور ان کی انتخابی مہم نہ ہونے کے برابر رہی، پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی وصوبائی قیادت بھی اس حوالے سے لاتعلق رہی، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مختلف انتخابی نشانات الاٹ کئے گئے اور انہیں مشکلات ومسائل کا سامنا رہا اس لئے وہ منتشر نظر آئے، مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں بابائے سیاست چوہدری شیر علی کی زیرقیادت کارکنوں میں جو جذبہ نظر آیا وہ (ن) لیگ کی شاندار کامیابی کی نوید ہے، تاہم فاتح کون ہو گا اس بارے میں عوام اپنا فیصلہ کل سنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں