33

اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (بیوروچیف) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قومی اثاثہ ہیں ، پاکستانی سفارتخانے اورسیز پاکستانیوں کو درپیش کونسلر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔تفصیل کے مطابق نگران وزیر اعظم سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ملاقات کی ہے ۔مسعود خان اور ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کو اپنے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔وزیراعظم کی جانب سے دونوں سفارت کاروں کو اپنے مشن میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو موثر طور پر تواتر سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعظم نے دونوں سفارت کاروں کو بین الاقوامی سطح پر معاشی اشتراک کے نئے اور منفرد مواقع کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستانی سفارتکار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم کے تحت شروع کردہ منصوبوں کے لیے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے روڈ شو کریں۔ وزیر اعظم نے کہا اورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں