34

ایتھو پیا کی منڈیوں میں پاکستان کی موثر نمائندگی کیلئے تجارتی وفد ادیس ابا با جائیگا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایتھوپیاکی منڈ یوں میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کیلئے ایک خصو صی تجارتی وفد ادیس ابابا جا رہا ہے جس کی پہلی پرواز کراچی اور دوسری پرواز فیصل آباد سے روانہ ہو گی۔ یہ بات پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے فیصل آباد چیمبر آ ف کا مرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایتھوپیا کو مختلف تہذیبوں کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ اس کی کا فی(Coffee ) کو اس کے مخصوص ذائقہ کی وجہ سے دنیا میں خاص طور پر پسند کیا جاتا ہے جبکہ اب عالمی سطح پر اس کی برانڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کی اہم خصوصیات میں دریائے نیل بھی شامل ہے۔اس دریا کا 55فیصد حصہ ایتھوپیا سے گزرتا ہے اور یہ اس ملک کی زرعی اور معاشی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملک حضر ت بلال حبشی اور نجاشی کی نسبت سے بھی مسلمانوں کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا کی موجودہ حکومت نے 2018 ء میں وسیع تر انتظامی اور معاشی اصلاحات کا آغاز کیا تاکہ ایتھوپیا کو عالمی سطح پر ایک پر امن ملک کے طور پر اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2دہائیوں سے ایتھوپیا کا شمار دنیا کے تیز ترین معاشی ترقی کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ اس وقت چین ، انڈیا اور روس کے علاوہ کئی ملک یہاں کام کر رہے ہیں جبکہ ایتھوپیا کی حکومت یہاں پاکستان کی مؤثر موجودگی کی بھی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے ایتھوپیا میں انتہائی سازگار ماحول ہے اِس کو افریقہ کے گیٹ وے کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں پیداوار کیلئے سستے خام مال اور وسائل موجود ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کے علاوہ شمسی انرجی اور ونڈ کے ذریعے بھی صاف توانائی پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا کے پاس فالتو بجلی ہے جسے وہ افریقہ کے انرجی گرڈ سے منسلک کرکے کئی ہمسایہ ملکوں کو مہیا کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرح ایتھوپیا میں بھی پیداواری عمر کے نوجوانوں کی بہتات ہے جنہیں سو سے زائد نجی یونیورسٹیوں کے ذریعے ہنر مند بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا مختلف وجوہات کی بنا پر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک ہے جبکہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے بھی اس کا شمار دنیا کے سر فہرست ملکوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح یہاں کی زرعی پروسیسنگ کے علاوہ مینو فیکچرنگ کی صنعت کی ترقی پربھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کیلئے یہاں صنعتیں لگانے والوں کو یورپی یونین سمیت 65ممالک تک آسان رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک ایتھوپیا میں کوئی بھی پاکستانی کمپنی رجسٹر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارما سوٹیکل اور سرجیکل آلات بنانے والی کمپنیوں کو ایتھوپیا کی ابھرتی ہوئی منڈی سے خاص طور پر فائدہ اٹھانا ہوگا۔ مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی تاجروں کو ایتھوپیا سے درآمدات کیلئے اپنی کمپنیاں رجسٹر کرانی چاہئیںتاکہ اُن کو ایتھوپیا کے حقیقی کاروباری افراد تک رسائی مہیا کی جا سکے۔ انہوں نے کاجو، سویابین ، قابلی چنے سمیت دیگر درآمد کنندگان کے جائز مسئلوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا اور بتایا کہ پاکستانی تجارتی وفد کو بہت سی مراعات دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا میں قیام کے دوران اُن کی ٹرانسپورٹیشن فری ہو گی جبکہ ہوٹل میں قیام پر بھی سبسڈی دی جائے گی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان اور ایتھوپیا کی دو طرفہ تجارت صرف 78ملین ڈالر ہے جسے اس سال کے اختتام تک 300ملین ڈالر تک پہنچانے کا عزم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ملکوں سے سالانہ 13ارب ڈالر کی چائے درآمد کرتا ہے۔ اگر ایتھوپیا کی چائے کی کوالٹی بہتر ہو اور بینکنگ سے متعلق مسائل حل کر دیئے جائیں تو بہت سے آرڈر ایتھوپیا کو منتقل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایتھوپیا کے اس سرکاری وفد کے علاوہ فیصل آباد چیمبر اپنا الگ وفد بھی بھیجنا چاہتا ہے۔ ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم خالد تواب اور وفد کے دیگر ممبروں نے بھی اپنے ملک کی معاشی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ اس موقع پر ایک پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ سوال و جواب کی نشست میںسابق ایگزیکٹو ممبرشیخ محمد فاضل، سابق نائب صدر انجینئر احمد حسن ، بلال شہزاد اور آفتاب احمد نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے ایتھوپیا کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ دیگر ممبروں کو کالر بیج لگائے گئے۔ ایتھوپیا کے سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی در ج کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں