اسلام آباد(بیوروچیف)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ہدف سے 214 ارب روپے کم ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4 ہزار 179 ارب روپے تھا۔دوسری جانب ایف بی آر کا کہنا ہے کہ جنوری میں537 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے ،جمع کیے گئے محصولات ہدف سے23فیصد زائد ہیں،جنوری میں محصولات اکٹھا کرنے کا ہدف533ارب روپے تھا۔ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 3 ہزار 965 ارب روپے محصولات جمع کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 3 ہزار 367 ارب روپے محصولات جمع کیے تھے ۔ایف بی آر کے مطابق براہ راست ٹیکسوں کی مد میں پچھلے سال کے مقابلے میں 48 فیصد زائد ٹیکس جمع کیا، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 208 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ جاری کیے گئے ،گزشتہ سال اسی عرصے میں 183 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ جاری کیے گئے تھے ۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک 7 ہزار 470 ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
33