فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایف ڈی اے کے زیر اہتمام رواں شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 50ہزار پودے لگائے جائینگے جن کی مانیٹرنگ کیلئے جامع مکنیز م تیار کیاگیاہے یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کینال روڈپر عبد اللہ گارڈن میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے سلسلے میں پودا لگاتے ہوئے بتائی۔ عبداللہ گارڈن میں مختلف اقسام کے فائدہ مند پانچ ہزار پودے لگائے جارہے ہیں۔ شجرکاری کی افتتاحی تقریب میں ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی، ڈائریکٹر جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر راحیل ظفرودیگر افسران کے علاوہ شیخ ایوب، عبداللہ ایوب و سوسائٹی کے دیگر افراد کثیرتعداد میں موجود تھے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی میں بعض پارکس کی تزئین وترقی کے غیر معیاری تعمیراتی کام پر سخت برہمی کا اظہار کیاہے اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ تعمیراتی نقائص کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں بصورت دیگر قصورداروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں پارکس کی تزئین و ترقی کے منصوبوں کا معائنہ کیا اور مختلف تفریحی سہولیات کی دستیابی، بچوں کے جھولوں، جوگنگ ٹریک، گھاس و پودوں کی افزائش کے اقدامات اور لگائی گئی ٹف ٹائلزسمیت دیگر تعمیراتی کاموں کو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مختلف تنصیبات کے رنگ وروغن کے علاوہ بچوں کے پارک میں کھیلنے کودنے کے محفوظ انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔
41