فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سمیت ملک بھر کی جیلوں میں قید ایک لاکھ سے زائد قیدی 8فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔ ملک بھر کی ایک سو سے زائد جیلوں میں بند قیدی قانونی پیچیدگیوں اور دیگر مسائل کی بناء پر حق رائے دہی سے محروم رہینگے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت ملک بھر کی جیلوں میں بند ایک لاکھ سے زائد قیدی موجود ہیں جبکہ مذکورہ جیلوں میں بند قیدیوں’ جیل سپرنٹنڈنٹس اور جیل انتظامیہ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو درخواستیں دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق جیلوں میں قیدیوں کو حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی سہولت فراہم نہیں ہو سکی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیلوں میں بند قیدیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ قیدیوں کے اصل شناختی کارڈ کی عدم موجودگی’ انکے حلقہ کے متعلقہ ووٹ کا سیریل نمبر بھی موجود نہیں ہیں۔ قیدیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینے کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد ہی انکو ووٹ دینے کی سہولت مل سکے گی۔
