19

بار الیکشن ، جیت کی خوشی میں فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف 3مقدمات درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کوتوالی پولیس نے ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ انتخابات میں جیت کی خوشی میں فائرنگ کرنے والے وکلاء اور انکے ساتھیوں کے خلاف 3مقدمات درج کر لئے، تاہم فائرنگ کرنیوالے رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ کوتوالی کے سب انسپکٹر احمد عرفان ملک اور اے ایس آئی وسیم الرحمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ انتخابات کے بعد نتائج جاری ہونے پر جیتنے والے امیدواروں کی خوشی میں وکلاء اور بعض افراد کی طرف سے زبردست ہوائی فائرنگ کی گئی۔ ڈسٹرکٹ بار کے سامنے افتخار لاء چیمبر’ صوفی برکت لاء چیمبر اور تنویر رندھاوا بلڈنگ پر چڑھ کر ینگ وکلاء اور دیگر افراد کی طرف سے ہوائی فائرنگ کی گئی تو ڈیوٹی پر مامور پولیس ملازمین نے فائرنگ کرنیوالے وکلاء اور ان کے ساتھیوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ پولیس کو آتا دیکھ کر رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے۔ یاد رہے کہ الیکشن بورڈ اور سی پی او کی طرف سے ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کیخلاف سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے تاہم اس کے باوجود جیت کی خوشی میں بعض وکلاء اور دیگر افراد نے فائرنگ کی، جس پر کوتوالی پولیس نے 3الگ الگ مقدمات درج کر کے فائرنگ کرنے والوں کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں