20

بجلی،گیس کے نرخوں میں اضافہ کیخلاف جماعت اسلامی کی تحریک کاآغاز

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ اور بلوں میں مسلسل اضافے کے خلاف چنیوٹ بازار چوک احتجاجی مظاہرہ کیا جسکی قیادت صوبائی نائب امیر رانا عبدالوحید،ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ، میاں طاہر ایوب،افضال شاہین ، راناعدنان، زفرادریس،مزور راہنمابا با لطیف ، میاں اعجاز و دیگر مقامی راہنمائوں نے کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ حکمرانوں نے بجلی اور گیس کے بلوں کو عوام کیلئے موت کے پھندے بنا دیا ہے۔ قوم اب بھی نہ بیدار ہوئی تو آئی ایم ایف کے غلام درغلام حکمران عوام کو بھکاری بنادیں گے ۔حکمران اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں ۔ عوام کو تکلیف پہنچانے والے عوامی غیظ وغضب سے بچ نہیں سکیں گے۔جماعت اسلامی نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا ہے ، خاموش رہنا موت ہے۔ موت کا انتظار مت کریں، عوام گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کے ساتھ اس احتجاجی پروگرامات کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی بلوں کی قیمتیں بڑھنے سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ہے۔قوم بند کمروں میں ہونے والے فیصلے قبول نہیں کرے گی۔ بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچ کرنے والے موجودہ حکمران حکومت میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں اگر حکومت نے ماضی کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے پٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ جاری رکھا تو عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ بدانتظامی، بداعتمادی، بے یقینی، کرپشن نے پورے قومی وجود کو کینسر زدہ کردیا ہے۔ اقتدار کی کرسیوں پر قبضے کے بعد بلند بانگ دعوئوں اور میڈیا کی جادوگری سے عوام سے دھوکا دہی کا کاروبار چلایا جارہا ہے۔ بھوک، تنگدستی، افلاس اور بجلی، گیس کی مسلسل بڑھتی قیمتوں اور ناانصافی سے تنگ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے ۔ معاشی و سیاسی بحران منہ کھولے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں کو توڑنے اور غلامی سے نجات کا وقت آ گیا۔ وقت کاتقاضہ ہے کہ قوم متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں