35

بزنس کمیونٹی کو مسائل کے حل کیلئے اتفاق رائے سے حکومت پردبائو بڑھانا ہوگا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کو مشترکہ طور پر معاشی بحران کے خاتمے اور پائیدار اور معاشی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس ا ینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ سے ایک ملا قا ت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 کے بعد تسلسل سے ایسے عالمی اور ملکی واقعات ر ونما ہوتے رہے جن سے قومی معیشت پر منفی اثر ا ت مرتب ہوئے۔ انہوںنے کہا کہ عالمی بحرانو ں پر قابو پانا قدرے مشکل ہے۔لیکن اندرون ملک سیاسی بے یقینی کا خاتمہ اور متفقہ میثاق معیشت پر اتفاق رائے ممکن ہے اور اس مقصد کیلئے بزنس کمیونٹی کو فیڈریشن کی سطح پر مشاورت کر نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء میں جی ڈی پی میں کمی کے علاوہ بے روزگاری میں بھی غیر معمولی اضافہ متوقع ہے جس سے سٹریٹ کرائم میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس لئے بزنس کمیونٹی کو اُن کے حل کیلئے اتفاق رائے سے حکومت پر دبائو بڑھانا ہوگا تاکہ ایسی پالیسیاں اور حکمت عملی وضع کی جائے جس سے پائیدار معاشی ترقی کی راہ کو ہموار کیا جا سکے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ انہوں نے فیصل آباد کی سطح پر تمام تجارتی تنظیموں کی مشاورت سے متفقہ معاشی ایجنڈا طے کرنیکی کوشش کی ہے لیکن مسائل کی پیچیدگی کے پیش نظر ایسی کاوش قومی اور فیڈریشن کی سطح پر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میثا ق معیشت پر اتفاق رائے کے سلسلہ میں ایف پی سی سی آئی کی طرف سے بلائی جانیوالی کانفرنس کا خیر مقدم کیا تاہم کہا کہ میثاق معیشت پر بزنس کمیو نٹی کے اتفاق رائے کے بعد اس کو ملک کے مقتدر حلقوں اور سیاستدانوں کو بھی اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں