جڑانوالہ(نامہ نگار)بس اڈے جرائم پیشہ افراد کی محفوظ آماجگاہ بن گئے، ٹھیکیدار جواء کروا کر روزانہ ہزاروں روپے کی دیہاڑیاں لگانے لگے،نوجوان نسل تباہی کنارے پہنچ گئی،پولیس سے کارروائی کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ، بچیانہ،ستیانہ،بلوچنی، کھرڑیانوالہ، مکوآنہ میں قائم بس اڈے جرائم پیشہ افراد کی محفوظ آماجگاہ بن چکے ہیں مذکورہ اڈوں میں پولیس کی مبینہ چشم پوشی کے باعث دن دیہاڑے کھلے عام نہ صرف چرس، ہیروین،آئس،افیون کی فروخت کی جا رہی ہے بلکہ ٹھیکیدار بلا خوف و خطر جوئے کی بیٹھکیں کروا کر روزانہ ہزاروں روپے کی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں جہاں ڈرائیورز روزانہ جوا کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مناسب چیکنگ نہ ہونے کی بنا پر بس اڈوں میں جوئے کی بیٹھکیں لگانے والے ٹھیکیدار نوجوان نسل کو گمراہ کر رہے ہیں اور بس اڈوں میں منشیات کی کھلے عام فروخت نے پولیس کے بلند و بانگ دعووں کا پول کھول دیا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب،آر پی او،سی پی او فیصل آباد،ایس پی ٹان جڑانوالہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بس اڈوں میں پولیس کے گشت کو موثر بنایا جائے اور جوئے کی بیٹھکیں کروانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے جبکہ منشیات کی سپلائی میں ملوث سماج دشمن عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
24