فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کینال روڈ پر موجود نہر میں بھل صفائی نہ ہونے سے وہاں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں ‘ نہر کی بندش کے دنوںمیں گزشتہ سالوں میں بھل صفائی کروانے کاسلسلہ جاری رہتا تھا جس سے نہر کو صاف و شفاف بنانے میں بڑی مدد ملتی تھی مگر اب بھل صفائی نہیں کی جارہی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں نے کوڑا کرکٹ بھی نہر میں پھینکنا شروع کردیا ہے جس کے نتیجہ میں مذکورہ نہرمیں گندگی کے ڈھیروں کی بھر مار ہو چکی ہے اس صورتحال سے علاقہ بھر میں تعفن پھیل چکا ہے اور گزرنے والوں کاسانس لینا بھی مشکل بن چکا ہے ‘ کینال روڈ نہر میں گندگی ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ‘ کینال روڈ پر موجود نہر میں گندگی کے ڈھیروں سے ماحول میں خطرناک حد تک آلودگی بڑھنے لگی ہے اور ارد گرد کے علاقوں میں کئی لوگ خارش اور جلدی بیماریوں میں بھی مبتلا ہونے لگے ہیں ‘ عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ نہر میں گندگی کے ڈھیروں کے باعث ارد گرد کی آبادیوں میں لوگو ں اور راہگیروں کیلئے سانس لینا بھی مشکل بن چکا ہے ‘ جبکہ وبائی امراض پھیلنے کے خدشات ہیں ‘اہل علاقہ نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ کینال روڈ نہر کی بھل صفائی کروائی جائے تاکہ لوگوں کا تعفن زدہ ماحول اور دیگر مشکلات سے نجات مل سکے ۔
36