فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سمندری روڈ کے تمام بھٹہ مالکان نے کوئلہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور اینٹوں کے ریٹ میں کمی کی وجہ سے ضلعی قیادت کو یکم رمضان المبارک سے ضلع کے تمام بھٹے دو ماہ کے لئے بند کرنے کی تجویز دے دی ہے جس پر عمل در آمد کے لئے تمام سیکٹرز کے صدور اور جنرل سیکر ٹریز سے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔مقامی ہو ٹل میں بھٹہ مالکان سمندری روڈ کی اہم میٹنگ سینئر بھٹہ لیڈر میاں فرمان اور صدر چوہدری عارف گجر کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں ضلعی قیادت سمیت دیگر سیکٹرز کے صدور اور جنرل سیکر ٹریز نے بھی شرکت کی ۔میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں فرمان نے کہا کہ یکم رمضان المبارک کو بھٹے بند کرنے کے فیصلہ پر روڈ کے تمام بھٹہ مالکان متفق ہیں اور ضلعی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ کاروبار کی بہتری کے لئے اپنے بھٹے بند کر دیں ۔انہوں نے کہا کہ تجویز دی کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو تمام سیکٹرز کے صدور اور جنرل سیکر ٹریز سے رابطہ کرے اور یکم رمضان کو بھٹے بند کرنے کے فیصلہ پر اعتماد میں لیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان کا آپس میں اتحاد اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے موجودہ وقت میں تمام اختلافات بھلا کر کاروبار کی بقاء اور مستقبل کے لئے تمام بھائی اکٹھے ہو جائیں
26