ساہیوال(بیوروچیف) کاروبار کوئی چھوٹا نہیں ہوتا اور نا ہی کوئی کاروباری سرگرمی چھوٹی ہوتی ہے۔ کاروبار ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے لوگوں کی، معاشرے اور ملک کی بہتری ہوتی ہے۔اجناس کی قدر میں اضافہ کرنا ہو یا کاٹن سے کپڑا بنانا یا جڑی بوٹیوں سے کوئی دوا وغیرہ بنانا ہو اسی سے معاشرتی ترقی ہوتی ہے اس لئے اس کی جتنی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔تمام تاجر جو ایمانداری سے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں جو نہ صرف لوگوں کو سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ ٹیکس ادا کرتے ہیں جس سے معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے ایکسپو 2023 کے دورے کے دوران کہی۔انہوں نے ایکسپو میں مختلف صنعتوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز دیکھے اور ان کے معیار کو سراہا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے تاجر برادری اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے وسائل میں سے غریبوں اور ضرورت مندوں پر بھی خرچ کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت عوام کو اس مشکل وقت سے نکالنے کے لئے نبردآزما ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی طرح بزنس کمیونٹی مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔دورے کے اختتام پرگورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو صدر ساہیوال چیمبر کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کیاگیا۔
32