فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاجر برادری کے مسائل حل کروائیں گے، جب تاجر مضبوط ہوگا تو عوامی مسائل کیساتھ ساتھ تاجروں کے مسائل بھی حل ہونگے، تاجر بھائیوں سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرینگے اور فیصل آباد کی تاجر تنظیموں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرینگے تاکہ تاجر متحد ہوکر مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے انجمن تاجران ناظم آباد نوشاہی چوک کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہمیشہ ہی تاجروں ، صنعت کاروں ودیگر کاروباری طبقوں کی دوست حکومت رہی ہے۔ اس موقع پر انجمن تاجران ناظم آباد نوشاہی چوک کے سرپرست اعلیٰ رانا اشفاق بابر’ چیئرمین میاں ابوبکر’ صدر رانا عبداﷲ’ جنرل سیکرٹری مہر محمد نعیم’ ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد ہارون’ فنانس سیکرٹری محمد عظیم الشان’ سینئر نائب صدر رانا حامد’ ممتاز تاجر لیڈر شیخ سعید احمد’ میاں ریاض شاہد’ ملک عمران، احسن علی’ مسلم لیگی رہنما ملک اکبر حیات میاں سلیم الرحمن ودیگر بھی موجود تھے۔ صدر رانا عبداﷲ اور جنرل سیکرٹری مہر محمد نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نومنتخب ٹیم مثالی کردار ادا کرے گی اور ناظم آباد کے دوکانداروں کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہو گی’ ہم خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں’ ہمارے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔ ناظم آباد کے مسائل کو جڑ سے اکھاڑنا ہماری ترجیحات ہوں گی۔
