24

ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ حکومت پر سمندر پار پاکستانیون کے اعتماد کا ثبوت ہے بیرون ملک مقیم پاکستانیز اپنے وطن کے سفیر ہیں اور محنت کی کمائی اپنے ملک بھیج کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں الحمدﷲ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے مہنگائی کی شرح میں کمی’ زرمبادلہ کے ذخائر ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت ہے پاکستان کی ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی’ معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات ایک معجزہ ہے معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا بلاشبہ اوورسیز پاکستانیز پاکستان کی ترقی کیلئے ایسا مثالی کردار ادا کر رہے ہیں جس پر قوم کو فخر ہے ہر ماہ مختلف ممالک سے امریکن ڈالر’ درہم’ دینار’ پائونڈ’ آسٹریلین ڈالرز سمیت دیگر ممالک کی کرنسیوں پر مشتمل ترسیلات زر پاکستان میں بینکوں اور کرنسی کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے بھجوائی جاتی ہیں جن کی وجہ سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام کا ذریعہ بھی بنتی ہیں ترسیلات زر میں اضافہ درحقیقت اوورسیز پاکستانیوں کی اپنے ارض وطن سے محبت کا ثبوت ہے پی ٹی آئی حکومت کے خاتمہ کے بعد بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے کی ہدایت کی گئی تاہم بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں نے ترسیلات زر روکنے کی کسی ہدایت پر عمل نہ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ان کیلئے شخصیات اہم نہیں بلکہ پاکستان اہم ہے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے کا بھی سامنا رہا لیکن حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کرتے ہوئے اسے نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا بلکہ ہچکولے کھاتی معیشت کو پائوں پر کھڑا کر دیا آج پوری دنیا یہ تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان معاشی طور پر سنبھل چکا ہے اور ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہر ماہ آنے والی ترسیلات زر کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے عالمی مالیاتی اداروں سے قرضہ پروگرام لینے پر ملک کی مالی پوزیشن کافی حد تک بہتر ہو گئی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ صرف بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر پر ہی نظر نہ رکھے بلکہ محاصل میں اضافہ کیلئے دیگر ذرائع بھی بروئے کار لائے تاکہ ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ممکن ہو سکے علاوہ ازیں ملک پاکستانیوں سے بھی ہماری اپیل ہے کہ وہ حوالہ ہنڈی کے بجائے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے زیرکنٹرول بینکوں کے ذریعے ترسیلات زر بھجوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں