36

ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلہ’ کئی علاقے صفحہ ہستی سے مٹ گئے(اداریہ)

جنوبی ترکی اور شمال مغربی شام میں ہولناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی 3000 اموات کئی علاقے صفحہ ہستی سے مٹ گئے زلزلے کی شدت 7.9 تھی تین ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ہزاروں افراد زخمی ہو گئے سینکڑوں لاپتہ امریکی جیولوجیکل سروے رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں ایک لاکھ تک ہو سکتی ہیں ترکیہ میں سوسال کا بدترین سانحہ قرار دیا جا رہا ہے 1939 کے بعد ترکی میں آنے والی یہ سب سے بڑی قدرت آفت ہے زلزلہ اس وقت آیا جب زیادہ تر لوگ ابھی گھروں میں سو رہے تھے سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہیں جن کو نکالا جا رہا ہے زلزلے کا مرکز ترکیہ سے 23 کلومیٹر جنوب میں تھا صدر طیب اردوان نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان’ امریکہ’ برطانیہ’ روس’ چین’ آذربائیجان سمیت دیگر ممالک نے ترکیہ امدادی سامان بھیجنے اور امدادی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کر دیا ترکیہ میں تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر کو ٹیلی فون کر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستان ترکیہ کے ساتھ ہے اور پاکستان ترکیہ کی بھرپور مدد کرے گا صدر مملکت عارف علوی نے بھی ترکیہ میں ہونے والی مالی’ جانی اور املاک کے نقصان پر اظہار افسوس کیا برادر اسلامی ملک میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر پاکستانی قوم کو گہرا صدمہ پہنچا ہے زلزلہ سے ہونے والی اموات’ ہزاروں زخمی افراد اور سینکڑوں لاپتہ افراد کئی علاقوں کے صفحہ ہستی سے مٹ جانے کی خبروں سے دل دہل گئے قدرتی آفات خصوصاً زلزلہ کے بارے میں ممکنہ پیش گوئی تو کی جا سکتی ہے مگر یقینی نہیں یہی وجہ ہے کہ اچانک آنے والے قدرتی آفت کا فوری مقابلہ ناممکن ہو جاتا ہے تاہم قدرتی آفات آنے کے بعد بہادر اقوام اپنے حوصلے بلند رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر کی بحالی اور شہریوں کے علاج معالجہ اور ان کے گھروں کی بحالی اور ان کے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے فوری اقدامات کرتی ہیں پاکستان سمیت عالمی برادری کی جانب سے ترکیہ اور شام کے تباہ حال علاقوں کیلئے امدادی کارروائیوں کیلئے ٹیمیں بھیجنا اور ترکیہ’ شام کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا وقت کا تقاضا ہے ترکیہ کے صدر طیب اردوان اور ان کی حکومتی ٹیم اپنی حکمت عملی سے ملک میں آنے والے شدید ترین زلزلہ سے ہونے والی تباہی سے نبردآزما ہیں تاہم امید ہے کہ وہ اس آفت سے اپنے عوام کو بچانے کیلئے کامیاب حکمت عملی مرتب کرنے میں کامیاب ہوں گے پاکستانی قوم اپنے ترکیہ کے بھائیوں’ بہنوں’ بچوں کیلئے دعاگو ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کو اس آفت سے نجات عطا فرمائے اور آزمائش کی اس گھڑی میں ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا کرے، آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں