اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی کابینہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ قائم کر دیا جبکہ کابینہ ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈز میں دینے کا اعلان کر دیا ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ،وفاقی کابینہ نے ترکیہ میں ہولناک زلزلہ پر اظہار افسوس کیا،ترکیہ کے عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہوں،غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے، وفاقی کابینہ،زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔وفاقی کابینہ نے ضابطہ فوجداری قانون ترمیم کے بل پر کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ کابینہ کی صدرنیشنل بینک کی آسامی کو دوبارہ مشتہر کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کے لئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کی منظوری دیدی جبکہ کابینہ نے 1 ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مخیرحضرات کو برادر ملک ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔
23