26

جلد شہریوں کے تعاون سے کرائم پرقابو پا لیں گے

جڑانوالہ(نامہ نگار)ایس پی ٹائون آفس کے لان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی ڈویژن بلال سلہری نے اپنے آفس کے لان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں دور دراز سے آنے والے درجنوں مرد و خواتین سائلین نے اپنی درخواستیں پیش کیں جنہیں پڑھ کر ایس پی نے ان پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کے علاوہ بھی ان سے مل سکتے ہیں۔بلال سلہری نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ہم بہت جلد شہریوں کے تعاون سے کرائم پر قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں موثر گشت کا پابند کر دیا گیا ہے جس تھانہ کی حدود میں کوئی واردات ہو گی اس تھانہ کے ایس ایچ او کو اس کا جواب دینا ہو گا۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔عوام کے تعاون کے بغیر جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی ناگزیر ہے پولیس میں جزا اور سزا کا عمل جاری ہے ایمانداری سے کام کرنے والے پولیس آفیسرز محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہے کرپٹ پولیس ملازمین کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے پولیس افسران اپنی ڈیوٹیاں ایمانداری سے سرانجام دیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں