فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ روز 2فروری کو دھوبی گھاٹ میں ہونے والے جلسہ کو کامیاب جبکہ غیر جانبدار حلقوں نے مسلم لیگ (ن) کے پاور شو کو فلاپ قرار دیا۔ جسکی اصل وجہ بابائے سیاست چوہدری شیر علی کی عدم دلچسپی اور جلسہ کو کامیاب کروانے کیلئے بنائی گئی انتظامی کمیٹی غیر فعال اور جیب بھرو مہم چلاتی رہی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز کا بھی کہنا ہے کہ انتظامی کمیٹی نے ان سے بھاری رقوم ”چندا” لیکر فرائض میں کوتاہی کا مظاہرہ کیا، ضلع بھر کے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف’ مسلم لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز گزشتہ روز بذریعہ ہیلی کاپٹر 4 بجے فیصل آباد پہنچ گئے اور انہوں نے جلسہ گاہ کا فضائی نظارہ کیا تو دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں لوگوں کی بہت کم تعداد نظر آئی جسکی وجہ سے ان کو آدھا گھنٹے سے زائد وقت جی سی یونیورسٹی کے ریسٹ ہائوس میں لوگوں کے آنے کا انتظار کرنا پڑا اور وہ تاخیر سے جلسہ گاہ پہنچے، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے جلسہ میں اپنی تقریر کے دوران چوہدری شیر علی کی عدم حاضری کو بھی محسوس کیا اور چوہدری عابد شیر علی سے پوچھتے رہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چوہدری عابد شیر علی’ میاں طاہر جمیل’ خواجہ رضوان’ شیخ محمد یوسف’ رزاق ملک مسلم لیگی ورکروں کی بڑی ریلیاں لیکر پنڈال میں پہنچے جبکہ دیگر ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداران اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچے اور ان کی اولین ترجیح رہی کہ وہ کسی طرح سٹیج پر پہنچ جائیں، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کا دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں ہونے والے جلسہ فلاپ رہا اور بعض اکابرین مسلم لیگ میاں نواز شریف’ میاں شہباز شریف اور مریم نواز کی تقریر کے بعد جلسہ گاہ پہنچے۔ مسلم لیگی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر چوہدری شیر علی دھوبی گھاٹ میں جلسہ کروانے میں دلچسپی لیتے تو جلسہ کی رونق دوبالا ہو جاتی جس پر غیر جانبدار حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا شو بری طرح فلاپ رہا جبکہ اکابرین مسلم لیگ (ن) جلسہ کو کامیاب قرار دیتے رہے۔
