جڑانوالہ(نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈاکٹرز کی تنظیم اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وٹس ایپ پر ٹیلی کلینک کے نام سے پاکستانیوں کو سہولت فراہم کر دی۔تمام امراض کے 16 قابل ترین ڈاکٹر ٹیلی کلینک پر مریضوں کو مفید مشوروں کے علاوہ ادویات بھی تجویز کریں گے۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے ڈاکٹرز کی تنظیم پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن “پیما” نے جدید تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے عوام الناس کی سہولت کے لیے سوشل میڈیا پر ٹیلی کلینک کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے جس میں مریض اپنی بیماری کے بارے میں لکھ کر یا وائس میسج کے ذریعے ڈاکٹر کو آگاہ کرے گا اور ڈاکٹر اس کی مرض کے مطابق اسے مفید مشوروں کے علاوہ اس کے لیے ادویات بھی تجویز کرے گا۔ٹیلی کلینک میں ماہر امراض ناک کان گلا، گردہ کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز کے علاوہ فیملی فزیشن، معدہ،جگر آنت،دل بلڈ پریشر، چائلڈ اسپیشلسٹ، ایکس رے اور الٹراسانڈ،نیوروفزیشن، آرتھوپیڈک، امراض چشم،جنرل سرجن،ماہر امراض جلد،گائنی کے بارے میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز مریضوں کو مشورے دیں گے۔اور ان کے لیے ادویات کا نسخہ تجویز کریں گے۔ٹیلی کلینک پر ڈاکٹرز کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔
