فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیرجاوید قصوری نے کہا ہے کہ سو شل میڈیا وقت کا بڑا چیلنج ہے جس کی اہمیت و ضرورت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ۔ جماعت اسلامی کے کارکن اقامت دین کی جدوجہد کو آ گے بڑھانے کیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جما عت اسلامی کے زیراہتمام سوشل میڈیا ٹریننگ و رکشاپ میں شریک نوجوان مردوخواتین سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ورکشاپ سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف،مرکزی ڈائریکٹر سوشل میڈیاشمس الدین امجد،انچارج مرکزی ٹویٹرٹیم فرید رزاقی،صوبائی ڈائریکٹراحتشام خالق نے شرکا کوسوشل میڈیا کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف ٹولز استعمال کرنے کی عملی تربیت دی۔ صوبائی جنرل سیکرٹری نصراللہ گورایہ، ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماںبٹ ،سردار ظفرحسین ،شیخ محمد مشتاق،شکیل چیمہ اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ جماعت اسلامی کے راہنمائوںنے سوشل میڈیا کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور کسی بھی تبدیلی میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے ۔سوشل میڈیا کی روز افزوں ہوتی ترقی کے اس دور میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو بھی اس سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ذہن سازی کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔پوری دنیا میں سوشل میڈیا آزاد ہے بلکہ یہ پانی کی طرح اپنا راستہ خود تلاش کرتا ہے۔ یہ آزادی کے ساتھ اپنی بات آگے بڑھانے کا بہت آسان وموثرذریعہ ہے۔ سوشل میڈیا کے کارکنان جماعت کے تعارف اور دعوت کو آگے بڑھانے کیلئے اس بھرپور استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا فوری رابطہ و اطلاعات کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ یہ انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی ہے۔ اس وقت ملک کی آدھی آبادی سوشل میڈیا استعمال کرہی ہے۔ اس کا مثبت استعمال معاشرے کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔
45