کمالیہ(نامہ نگار) شہر میں جنرل بس سٹینڈ کے نہ ہونے سے شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کے لئے مسافر جی ٹی روڈ پر کھڑے ہو کر پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظار کرتے ہیں جو کہ کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سب کی وجہ کمالیہ شہر میں جنرل بس سٹینڈ کا نہ ہونا ہے۔ حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کمالیہ جکھڑ روڈ پر جنرل بس سٹینڈ بنائے جانے کی منظوری دی جا چکی ہے مگر ابھی تک کوئی تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا۔ اس سلسلے میں سروے رپورٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہریوں محمد ساجد، رضوان علی، کامران احمد، وقاص چوہدری و دیگر نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کی منظوری اور جلد شروع کروائے جانے کے اعلانات ہو چکے ہیں جن میں کمالیہ جکھڑ موڑ پر جنرل بس سٹینڈ بھی شامل ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک اس جگہ پرکوئی تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا۔ مسافر پبلک ٹرانسپورٹ پر سوار ہونے کے لئے خوار ہوتے رہتے ہیں۔ جی ٹی روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز گاڑی کو روکے بغیر مسافروں کو سوار ہونے کا کہتے ہیں جس سے آئے روز کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آتا رہتا ہے۔ ایسے حالات میں کمالیہ کے لئے جنرل بس سٹینڈ کی جلد از جلد تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔ مقامی انتظامیہ ان تمام حالات سے با خبر ہے مگر اس کے باوجود جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر کی جانب کوئی توجہ نہ دینا ہماری سمجھ سے بالا تر ہے۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ افسران سمیت مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کمالیہ شہر کے لئے کمالیہ جکھڑ موڑ پر منظور شدہ جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر جلد از جلد شروع کروانے کے ساتھ ساتھ معیاری کام کو بھی مدنظر رکھا جائے اور بعد ازاں اسے شہریوں، مسافروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بحال کیا جائے۔
32