فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے جمعیت علما اسلام ف کے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کے مطالباتی خط پر فیصل آباد پنڈی بھٹیاں ایم ٹو موٹروے پر قائم اضافی ٹول پلازہ ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جس کے بعد موٹروے کے ذریعے عبدالحکیم اور فیصل آباد سے لاہور جانے والے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے مخدوم زادہ سید زکریا شاہ کو ٹول پلازہ ختم کرنے کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام اپنی کپیسٹی میں عوامی مسائل حل اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد سمیت کسی بھی بڑے شہر کے اطرف سے گزرنے والی موٹرویز کو اس کی قریبی شاہراہوں سے ملا کر بہترین سروس روڈز بھی تعمیر کی جائیں گی۔ جڑانوالہ، ستیانہ موٹر وے لنک روڈز کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ضلعی امیر جے یو آئی مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ نے وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود کے نام خط میں پنڈی بھٹیاں فیصل آباد اضافی ٹول پلازہ ختم کرنے اور موٹروے لاہور ملتان کو جڑانوالا روڈ سے منسلک کرنے کے مطالبات پر مشتمل خط لکھا تھا۔ ضلعی امیر زکریا شاہ نے جنرل سیکرٹری حافظ محمد عرفان، مفتی فضل الرحمن ناصر، حافظ آصف، عبیداللہ شاہ، میاں عرفان، احمد رانا، سیکرٹری اطلاعات بابا یوسف انصاری و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمیعت علما اسلام ف ملک میں امن اور معیشت کی بحالی اور اس ملک کی ترقی کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔ خدا کی زمین پر خدا کا نظام ہمارا منشور ہے۔ جو تباہی تحریک انصاف کی چار سالہ حکومت کے دوران ہوئی ہے وہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں نہیں ہوئی۔ جے یو آئی آئین میں اسلامی دفعات کے تحفظ اور ملک کو دنیا میں باعزت مقام دلوانے اور اس کی ترقی میں ہمیشہ کوشاں ہے۔ پنجاب کے عوام کو بھی ہوش کے ناخن لینا چاہئییں کہ عوامی خدمت کے دعویدار اور فرخ حبیب جیسا مرکزی وزیر بھی یہ ٹول پلازہ ختم نہ کروا سکا الحمدللہ جے یو آئی کے ایک ضلع کے عہدیدار کی درخواست پر جمیعت علما اسلام کے وفاقی وزیر نے عوامی بھلائی کے اس کام میں دیر نہیں کی۔ اسی لیے ہمیں اپنی قیادت کی سیاست اور وزرا کے چناو پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا قائد جمیعت مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو عوامی مشکلات کم کرنے اور مہنگائی فوری طور پر کم کرنے کیلیے کہا ہے عمرانی نااہل حکومت نے چار سال دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کروایا اور صرف چار سال میں چھبیس ہزار ارب کے قرضے لیے مگر کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا الٹا آئی ایم ایف سے مشکل معاہدہ کرکے اس کے خلاف عمل کیا اور ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ تاہم قوم مایوس نا ہو مشکل حالات گزر چکے اب معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ قوم ایسے شعبدہ بازوں اور نکموں کو آئندہ ووٹ نہ دیں بلکہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ اور حقیقی عوامی خادم دینی جماعتوں کے نامزد امیدواروں کو حق نمائندگی دیں۔
47