جھنگ (نامہ نگار) پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ نے ایک ہفتہ قبل سر عام قتل ہونے والے نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی انوسٹی گیشن اصغر علی نے گزشتہ روز تھانہ کوتوالی میں ایس ایچ او اظہر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 13جنوری کو سرگودھا روڑ پر محلہ حسین آباد میں نامعلوم ملزم نے شاہد اقبال نامی نوجوان کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور خود فرار ہو گیا تھا۔ وقوعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا ۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے ملزم کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ آئی ٹی یونٹ نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مخصوص مقامات کی جیو فینسنگ اور فون کالز ٹریس کیں۔ اور ملزم عبدالرحمن کو گرفتار کیا جس نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول شاہد اقبال کے اس کی بھابھی سے مبینہ ناجائز تعلقات تھے جس پر اس نے مقتول کو اپنی بھانجی کی مرہم پٹی کرنے کے لئے فون کر کے بلایا اور برف والے کارخانے والی گلی میں لے جا کر پسٹل سے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈ ی پی او نے اندھے قتل کو ٹریس کر کے ملزم کی گرفتاری پر تفتیشی ٹیم کو شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
29