15

حادثات میں2افراد جاں بحق،خاتون کی خودکشی،ڈاکوؤں نے ڈلیوری بوائے سے12لاکھ کے پارسل چھین لئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق’ گھریلو حالات سے دل برداشتہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ ڈلیوری بوائے سے ساڑھے12 لاکھ کے پارسل چھین لئے’ مضرصحت اشیاء فروخت کرتے دکاندار گرفتار مشتعل ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد لہولہان ہو گئے’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق اڈا باغ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سڑک عبور کرتے ہوئے خاتون صائمہ بی بی زوجہ شفاقت علی کو کچل دیا جوکہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔ سمندری کے نواح 448 گ ب کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار مزمل بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جبکہ جڑانوالہ کی رہائشی 34سالہ گلشن بی بی زوجہ عادل کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہو گیا تو خاتون نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، علم ہونے پر اہل خانہ نے تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے، جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا معدہ واش کر کے جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن دوران علاج وہ زندگی کی بازی ہار گئی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ گٹ والا کے قریب عمران ساجد مختلف کمپنیوں کے بارہ لاکھ 52ہزار مالیت کے پارسل دینے جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان پارسل سے بھرا تھیلہ چھین کر فرار ہو گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی آفیسر سدرہ نے عملہ کے ہمراہ جھمرہ روڈ پر چیکنگ کے دوران مضرصحت زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے پر دکاندار نعیم کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں اشیاء تلف کر دیں۔ علاوہ ازیں سمن آباد کے علاقہ دلاور کالونی کے ریاض مزمل نے بتایا کہ معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے فائرنگ کر کے بھائی اور عداوت کی بناء پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف حسنین کو بری طرح زخمی کر دیا، زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں