24

حادثے میں مرنے اور زخمی ہونیوالے پانچوں ڈکیت اور ریکارڈ یافتہ مجرم نکلے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ پر 76 اڈا کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پانچوں افراد ریکارڈ یافتہ ڈاکو نکلے، جو کہ پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ٹریفک حادثہ میں ہونے والے مبینہ ڈاکوئوں کی شناخت جاوید ولد اسلم سکنہ 215 رب نیتھڑی اور علی رضا ولد عابد حسین سکنہ 165 گ ب کے ناموں سے ہوئی تاہم پولیس نے حادثہ اور کار سے برآمد ہونے والا اسلحہ’ جعلی نمبر پلیٹس’ آہنی راڈ’ اوزار ملنے پر الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قانونی کارروائی کروانے والے چوکی انچارج خانوانہ اے ایس آئی سید غلام عباس شاہ نے بتایا کہ گزشتہ شب ستیانہ روڈ پر چک نمبر 75 گ ب اور 76 گ ب کے درمیان تیز رفتار کار اور مزدا ٹرک میں حادثہ کی اطلاع ملنے پر وقوعہ پر پہنچے تو کار سوار دو افراد ہلاک اور 3 بری طرح زخمی ہو گئے تھے جس پر مرنے والوں کی نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور کار کی تلاشی لینے پر پسٹل’ جعلی نمبر پلیٹس’ اوزار’ آہنی راڈ وغیرہ برآمد ہوئے تھے، جانچ پڑتال کرنے پر کار سوار پانچوں افراد جاوید’ عامر’ مبین’ ساجد وغیرہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے، تاہم مرنے والوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں