107

حکمران اتحاد کی 2تہائی اکثریت ، قانون سازی آسان

اسلام آباد(بیوروچیف)مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قاف، ایم کیو ایم اور استحکام پاکستان پارٹی کو 334 ارکان کی قومی اسمبلی میں دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں تمام مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد 334نشستوں کے ہائوس میں اتحادی حکومت کو 229ارکان اسمبلی کی قوت حاصل ہے جو دو تہائی اکثریت سے زیادہ ہے۔ عملا موجودہ اتحادی حکومت گزشتہ اسمبلیوں میں بننے والی تمام حکومتوں سے عددی لحاظ سے بہت مختلف خصائص کی مالک ہے۔ دو تہائی اکثریت 223 ارکان سے حاصل ہوتی ہے۔ دو تہائی اکثریت کے ساتھ آئین میں ترمیم کی جا سکتی ہے۔ قانون سازی کی غرض سے اس اتحاد کو مزید کئی ارکان کی حمایت بھی مل سکتی ہے۔ قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے مطابق حکمران اتحاد کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی 123 نشستیں ہیں۔ الیکشن 2024میں مسلم لیگ ن نے 75 جنرل نشستیں سیٹیں جیتیں، مسلم لیگ ن میں 9 آزاد اراکین شامل ہوئے تو اس کی جنرل نشستیں 84 ہو گئیں، اسے خواتین کی 34 اور مذہبی اقلیتوں کی 5 نشستیں ملیں ۔پیپلز پارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 73 ہو گئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے 54 جنرل نشستیں جیتیں، اسے خواتین کی 16 اور مذہبی اقلیتوں کی 3 نشستیں ملیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں