52

حکومت کا گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافے کا فیصلہ قابل قبول نہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر رانا محمد سکندراعظم خاں’صدر چوہدری حبیب الرحمن گل’ سرپرست اعلیٰ چوہدری امانت علی’ جنرل سیکرٹری محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کو جس بیدردی سے لوٹا گیا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی’ اس لوٹ مار میں غریب عوام پس چکی ہے جس کا کوئی پرسان حال نہیں’ ملک میں پہلے ہی 10 کروڑ کے قریب لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور باقی رہی سہی کسر آئے روز بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے و نت نئے ٹیکسز نے پوری کر دی ہے’ حکومت کا گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافے کا فیصلہ عوام کا خون چوسنے کے مترادف ہے’ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 200 فیصد تک اضافہ ہونے کے باوجود ملک بھر کی طرح فیصل آبادمیں بھی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے’ فیصل آباد کی تاجر برادری نے بجلی اور گیس قیمت میں مزید اضافہ کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایماء پر باربار بجلی اور گیس کے ریٹس بڑھائے جانے سے نہ صرف ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے بلکہ عام گھریلو صارفین کیلئے بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی نہایت مشکل ہو چکی ہے ‘ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے اعث عوام کو گیس اور بجلی میسر نہیں مگر اس کے باوجود لوگوں کو بھاری بل موصول ہو رہے ہیں کسی حکومت نے سستی بجلی کے پیداواری منصوبوں اور گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کیلئے موثر منصوبہ بندی نہ کی بلکہ ایک دوسرے پر تنقید اور الزام تراشی کی سیاست کو فروغ دیا اور قوم کو آئی ایم ایف کا بھکاری بنا دیا جب تک تمام سیاسی جماعتیںقوم کودرپیش اہم مسائل اور ملکی ترقی کے لئے مل بیٹھ کر حکمت عملی طے نہیں کریں گی اس وقت پاکستان ترقی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا’ مقررین نے کہا کہ اگر 8 فروری کو جنرل الیکشن ہو جاتے ہیں جو ہو سکتا ہے کہ آنے والی نئی حکومت عوام کو بجلی’ گیس اور پیٹرول کی مد میں کوئی ریلیف دے کر ان کی زندگیوں میں بھی کوئی خوشی کا رنگ بھر دے’ مگر ہمیں ایسے حالات بنتے دکھائی نہیں دے رہے’ مقررین نے موجودہ حکمرانوں سے کہا کہ خدارا بدحال عوام کی طرف بھی دیکھیں’ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے’ ان میں مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں رہی’ اس لئے عوام پر ترس کھائیں اور بجلی’ گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائیں تاکہ عوام بھی دو وقت کا نوالہ کھا سکے’ اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری ملک وقاص احمد’ سینئر نائب صدر چوہدری شوکت جٹ’ وائس چیئرمین حاجی محمد انور’ نائب صدورمیاں نذاکت’ رانا طاہرخاں’ چوہدری احسان گجر’ ملک سیف الرحمن’ رانا سعید’ رانا ادریس’ ملک اعجاز احمد’ چوہدری خرم شہزاد’ وقاص میمن’ چوہدری امتیاز علی کمبوہ نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں