فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے خواجہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مالک خواجہ شجر محمود کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر اور آرپی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خواجہ شجر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں عبرتناک سزا دلوانے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہر صنعتی لوگوں کا ہے اور وہ پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی میں مکمل طور پر غیر محفوظ ہیں۔کیونکہ شہر میں سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کمشنر اور آرپی او سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ہونے والے بہیمانہ قتل کی میرٹ پر انکوائری کروائی جائے ۔ ڈاکٹر خرم طارق نے مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ شجر محمود کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی ہے۔
38