اسلام آباد(بیوروچیف)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر حملے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم شہباز شریف کو ترکیہ سے وطن واپسی پر کراچی پولیس آفس حملے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کا سخت نوٹس لے لیا اور وزیراعلی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادے اور عزم کو توڑا نہیں جا سکتا۔ پوری قوم پولیس اور سیکورٹی اداروں کیساتھ کھڑی ہے۔
23