21

ریلوے روڈ کے تاجر کا چچا اغوا کے بعد بیدردی سے قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سفاک افراد نے تاجر کے چچا کو اغواء کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا’ نعش شیریں والا کے قریب جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہو گئے’ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی’ پولیس ابھی تک قاتلوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ النور گارڈن وی آئی پی بلاک کے رہائشی محمد عمر نعیم نے بتایا کہ اس کے والد شیخ محمد نعیم کو 13مئی کو صبح 4بجے کال آئی تو ان سے پوچھا تو کہا کہ موٹرسائیکل نکال دو دودھ لینے جا رہا ہوں تو وہ موٹرسائیکل پر دودھ لینے گئے واپس نہ آئے، کافی دیر تک واپس نہ آئے تو تشویش ہونے پر رابطہ کیا تو والد کا فون بند تھا جبکہ اپنے بھائیوں عزیز اور شعیب سے رابطہ کیا اور اہل خانہ سے مل کر ان کو ڈھونڈتے رہے، قریبی رشتہ داروں سے بھی رابطہ کیا لیکن کوئی سراغ نہ لگا تو تھانہ مدینہ ٹئون میں شیخ محمد نعیم کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر کھرڑیانوالہ کے علاقہ شیریں والا کے قریب جھاڑیوں میں پڑی نعش پڑی دیکھی جو کہ ان کے والد شیخ نعیم کی تھی جس پر پولیس کو اطلاع کی تو پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کی۔ مغوی شیخ نعیم کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات تھے جسے نامعلوم افراد نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد موت کے گھاٹ اتار کر نعش کھرڑیانوالہ کے علاقہ میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ مقتول کی موٹرسائیکل بھی نہ ملی۔ مقتول ریلوے روڈ کے تاجر آصف باری (نیو ناصر پائپ سٹور والے) کے چچا تھے، جنہیں گزشتہ شب کمال آباد والے قبرستان میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردخاک کر دیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں