فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے امکانات اور زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے اقدامات زیربحث آئے۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈائریکٹر بیرونی تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد ثاقب و دیگر بھی موجود تھے۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین زرعی تعلقات کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور آسٹریلین جامعات و زرعی اداروں کے مابین بہترین تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے زرعی میدان میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ جامعہ اپنا بھرپور کردار جاری رکھتے ہوئے ترقی و کامرانی سمیٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے انڈسٹریل ہوم، مین لائبریری، ہارٹیکلچر لیب کا بھی دورہ کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد آسٹریلیا کی جامعات اور زرعی اداروں کے ساتھ زراعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لا رہی ہے جس سے زرعی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں میکانائزیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ وسائل کے ضیاع کو روکتے ہوئے نہ صرف کاشتکار کا منافع بڑھایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پیداوار میں اضافے کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد آسٹریلین مرکز برائے بین الاقوامی زرعی تحقیق یونیورسٹی آف سڈنی و دیگر جامعات کے ساتھ مربوط تعلقات کے تحت تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشحالی اور تخفیف غربت کے لئے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ دورے کے دوران ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار، ڈائریکٹر ہوم سائنسز ڈاکٹر بینش اسرار و دیگر بھی موجود تھے۔
