فیصل آباد(پ ر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اخوت فاؤنڈیشن کے تحت دوسو خاندا نوں میں ایک کروڑکے بلاسود قرضوں کی تقسیم کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے۔ اس موقع پر اخوت کی سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبر چوہدری محمد اسلم جاوید، ڈاکٹر خالد شوق حاجی محمد عابد، محمد یٰسین ، یونیورسٹی کے ٹریژرعمر سعید قادری ، پرنسپل آفیسر پی آر پی ڈاکٹر جلال عارف و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ اخوت کا سفر ہزاروں سے شروع ہوا تھا جو وسعت پذیر ہو کر اربوں روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے ہر سال لاکھوں افراد بلاسود قرضوں سے مستفید ہوتے ہوئے باعزت روزی کمانے کے قابل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی کاوشوں کو نہ صرف ملکی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے بلکہ حال ہی میں بین الاقوامی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اخوت کے تعاو ن سے فائونٹین ہائوس کے قیام عمل میں لا رہی ہے تاکہ ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو جدید طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ ڈاکٹر جلال عارف نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب غریب افراد کے لئے درددل رکھنے والی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے غربت کے خاتمے اور معاشی مشکلات میں گھرے افراد کو بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کے لئے ایک نئی سوچ کی بنیاد رکھی جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
35