فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اورپی پی 111سے اُمیدوار چوہدری فقیرحسین ڈوگر نے کہاہے کہ پاکستان کی 76سالہ تاریخ میں کسی سیاسی جماعت نے اداروں پر حملہ نہیں کیا۔ حملہ کرنے والے ملزم کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے توان کے کاغذات مسترد بھی ہوں گے۔جن لوگوں کو آج ظلم ہوتا نظر آرہا ہے اُنہیں 2018کے الیکشن سے قبل ایک نااہل شخص کواقتدارمیں لانے کے لئے مسلم لیگ ن کی قیادت اورارکان کے خلاف ہونے والے مظالم کوبھی یادرکھناچاہئے ۔انتخابی مہم میں حلقہ کے عوام اورپارٹی کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ حکومت میں اوراپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی ہے۔ 2013کے انتخابات میں کامیابی کے بعدکروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے گئے،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اورصحت کی سہولت کے لئے بھی عملی اقدامات کئے گئے مگر2018میںپی ٹی آئی نے اس حلقہ میں عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوئی کردارادانہیں کیا۔حلقہ کے عوام نے اعتمادکرکے اُنہیں2بارمسلسل منتخب کیا8 فروری کوبھی شیرپرمہریں لگاکرکامیاب کریں گے۔
