لاہور(سپورٹس نیوز)سابق کرکٹر باسط علی نے شعیب ملک کو چیمپئنز کپ کے لیے اسٹالینز ٹیم کا مینٹور بنانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔سابق بلے باز اور کوچ سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہنے والے باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو ثبوت چاہیے تو میں دیدوں گا۔باسط علی نے کہا کہ جو لوگ ملک کے بارے میں نہیں سوچ سکتے ان کی تقرری نہیں ہونی چاہیے اور جنھوں نے خود اعتراف کیا کہ وہ جان بوجھ کر ایک میچ ہارے تھے انھیں پی سی بی نے کیسے مینٹور بنادیا۔باسط علی نے کہا کہ رمیز راجہ کو دیئے گئے انٹرویو میں شعیب ملک نے جان بوجھ کر ایک میچ ہارنے کا اعتراف خود کیا تھا۔باسط علی نے بابر اعظم کے بجائے اسٹالینز کا کپتان حارث کو بنانے پر بھی مینٹور شعیب ملک پر تنقید کی۔
7