ساہیوال (بیوروچیف) شہر اور گردونواح میں صحت و صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو گئی، کارپوریشن حکام اور عملہ صفائی لمبی تان کر سو گیا ، چیف افسرنے بھی چپ سادھ لی، شہریوں کا صحت و صفائی کی ناگفتہ بہ حالت پر فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیل کے مطابق میونسپل کارپوریشن حکام اور عملہ صفائی کی مسلسل غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے اندرون شہر اور ملحقہ علاقوں میں گندے پانی کے گٹر ابلنے سے سیوریج کا پانی گلیوں اور چوراہوں میں جمع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دقت کا سامنا ہے جبکہ کارپوریشن کا عملہ صفائی صرف سفارشی علاقوں میں تعینات رہ کر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، کارپوریشن کے اعلیٰ افسران کی جانب سے صحت و صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں شہریوں نے کمشنرشعیب اقبال سید سے شہر اور ملحقہ علاقوں کا وزٹ کر کے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے صحت و صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کامطالبہ کیا ہے۔
