ساہیوال(بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژ ن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ان کی ترجیح عام آدمی کی زندگی میں آسانی اور سرکاری اداروں کی سروس ڈیلوری میں بہتری لانا ہے۔ ڈویژن کے تمام دفاترمیں صبح 9بجے ملازمین کی حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ عوام تک ان کی رسائی ممکن ہو سکے۔ عوام اور سرکاری محکموں کے درمیان اعتماد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے ہر سرکاری آفیسر کو اسے اپنی ذمہ داری سمجھ کر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژن میں ضروری اشیاء صرف اور کھاد کی دستیابی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد عرفان کاٹھیا، اے ڈی سی آر ساہیوال اور پاک پتن طارق حسین بھٹی اور محمد قیوم قدرت، اے سی جنرل وقاص ظفر، ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ضروری اشیاء صرف کی کوالٹی اور ان اشیاء خصوصاً آٹا کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے میونسپل اداروں میں سیوریج، صفائی اور پانی کی دستیابی کے مسائل حل کرنے کیلئے کمپلینٹ سیل قائم کرنے اور اس کے رابطہ نمبر عوام کی پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کھاد کی سپلائی اور دستیابی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ بہتر مینجمنٹ سے ہر کسان کی کھاد کی ضرورت کو پورا کیا جائے
36