25

ساہیوال کی 3اہم شاہراہوں کی تعمیر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر

ساہیوال(بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی تین اہم زیر تعمیر سڑکوں کی تعمیر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی، مین فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ ہر حال میں 31جنوری تک مکمل کی جائیں، تینوں سڑکوں پر اسفالٹ کا کام بھی فوری شروع کیا جائے، پسپ حکام کو ہدایت۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے فتح شیر روڈ پر ڈرین کے کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے بھی31جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ محمد اسجد خان نے بتایا کہ پاک پتن روڈ پر36انچ اور72انچ پائپ ڈالنے کا جاری ہے جبکہ منظور کالونی میں 48انچ پائپ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 36انچ پائپ کے335میں سے219 اور72انچ کے4538میں سے2754 پائپ ڈالے جا چکے ہیں جو بالترتیب کل کام کا 65اور61فیصد ہیں جبکہ منظور کالونی میں 48انچ کے315میں سے34پائپ ڈالے جا چکے ہیں۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے علامہ اقبال روڈ پر پلانٹیشن کے کام کو اسی ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے ماڈل روڈ بنایا جا سکے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے بیرون و اندرون لاری اڈوں سے ہونے والی اڈا فیس میں مزید اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں