69

ستیانہ روڈ پر کار اور ٹرک میں تصادم ‘ 2افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ پر 76 اڈا کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں دو افراد جاں بحق، تین بری طرح زخمی ہو گئے۔ تیز رفتار کار اور مزدا ٹرک آمنے سامنے ٹکرانے سے بری طرح تباہ ہو گئے جبکہ کار سے بھاری اسلحہ’ مختلف گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور دیگر اوزار بھی برآمد ہوئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 209 رب اکال گڑھ کے رہائشی 34 سالہ محمد مبین ولد عبدالصمد’ 40 سالہ جبار لطیف ولد لطیف وغیرہ پانچ افراد کار میں شہر کی طرف آ رہے تھے کہ جب وہ ستیانہ روڈ پر 76 اڈا کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کار کے دروازے کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا تو اس دوران دو نامعلوم افراد زندگی کی بازی ہار چکے تھے کہ تین زخمیوں جن کی شناخت مبین’ جبار لطیف اور عامر کے نام سے ہوئی ان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا اور ایس ایچ او تھانہ صدر علی اکرام گورایہ’ چوکی انچارج اے ایس آئی غلام عباس اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کار کی تلاشی کے دوران مختلف گاڑیوں کی نمبر پلیٹس’ پسٹل’ ڈرل مشین’ سکریو’ آہنی راڈ بھی برآمد ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے وارداتیے معلوم ہوتے ہیں جو کہ واردات کی غرض سے جا رہے تھے کہ ستیانہ روڈ پر حادثہ کا شکار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے کار سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور دیگر سامان کو قبضہ میں لیکر مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں