ڈیرہ غازی خان(بیوروچیف) ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی جھنگی پر دہشتگردوں نے حملے کی کوشش جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔پولیس نے بتایا کہ صوبے کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی جھنگی پر کالعدم تنظیم کے 8 سے 10 دہشت گردوں نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی، چوکی پر تعینات جوانوں نے کیمروں کی مدد سے دہشتگردوں کی نشاندہی کی۔اپنے ایک بیان میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پولیس کے جانبازوں نے دہشت گردوں کو پسپائی اور بھاگنے پر مجبور کر دیا، صوبے کی تمام سرحدی چوکیوں پر پولیس ٹیمیں شب و روز ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کر رہی ہیں اور جوانوں کا مورال بلند ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے دشمن خطرناک دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے پولیس پوری طرح تیار ہے۔
