لاہور(بیوروچیف) ونڈوآپریشن کے تحت سیالکوٹ میں پنجاب کا دوسرا سٹیٹ آف آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر آپریشنل کر دیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سیالکوٹ کے انوار کلب میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیااور کاروباری شخصیات میں این او سی کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے قائم بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں قائم صوبائی محکموں کے کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیزکا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا مشاہدہ کیا ۔ بزنس فیسلیٹیشن سنٹر میں سرکاری محکموں کے کاؤنٹرز سے کاروباری حضرات کو 124 این او سیز ایک چھت تلے جاری ہونگے ۔ 14 روز میں این او سیز کا اجراء یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام کا مقصد سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ متعلقہ محکمے ایک چھت تلے خدمات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ائر پورٹ سے سیالکوٹ تک سٹرک کو 15 فروری تک مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کر سکوں، وعدہ کرتا ہوں تو ہر صورت نبھاتا ہوں۔کوشش ہے کہ پراجیکٹس کو جانے سے پہلے مکمل کر کے جائیں۔ ایئرپورٹ سے سیالکوٹ کی طرف آنے والی دورویہ سڑک 15فروری تک مکمل کر لیں گے۔ سیالکوٹ ایئررپورٹ روڈ کے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں،17جنوری سے کام کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔سیالکوٹ ایئر پورٹ روڈ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے ترجیح دی جائے ۔
